شوپیاں (شاہد ٹاک) : جموں و کشمیر اپنی پارٹی کے عبوری نائب صدر برائے کشمیر حقیقت سنگھ نے نیشنل کانفرنس (این سی) پر الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ ’’پارٹی نے 1947 سے آج تک کشمیری عوام کو صرف جھوٹے وعدوں اور خاندانی سیاست سے بہکایا ہے۔‘‘ انہوں نے دعویٰ کیا کہ ’’نیشنل کانفرنس نے اپنے انتخابی منشور میں جو وعدے کیے تھے، وہ سب بے بنیاد ثابت ہوئے اور ایک بھی وعدہ پورا نہیں کیا گیا۔‘‘جنوبی کشمیر کے شوپیاں ضلع میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے حقیقت سنگھ کا کہنا تھا کہ نیشنل کانفرنس نے ہمیشہ اقتدار کو ذاتی مفادات کے لیے استعمال کیا اور عوام کو صرف انتخابات کے وقت استعمال کیا۔ انہوں نے کہا: ’’نہ تعمیراتی کام ہو رہے ہیں، نہ ہی عوامی مسائل حل کیے جا رہے ہیں۔ عوام کو صرف خواب دکھا کر ووٹ حاصل کیے گئے۔‘‘حقیقت سنگھ نے الزام عائد کیا کہ نیشنل کانفرنس کے اپنے ایم ایل ایز اس بات کو تسلیم کر چکے ہیں کہ ان کے پاس کوئی اختیار نہیں، اور وہ عملی طور پر بے بس ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ’’نیشنل کانفرنس یہ تاثر دے رہی ہے کہ اختیارات ان کے پاس نہیں، لیکن لیفٹیننٹ گورنر جموں و کشمیر منہوج سنہا نے واضح کر دیا ہے کہ سیکیورٹی کے علاوہ تمام اختیارات حکومت کے پاس ہی ہیں۔‘‘انہوں نے کہا کہ لوگ اب بیدار ہو چکے ہیں اور جلد ہی نیشنل کانفرنس کو ان کے جھوٹ کا جواب دیں گے۔ حقیقت سنگھ نے خبردار کیا کہ ’’اگر یہی صورتحال جاری رہی اور عوامی مسائل پر توجہ نہ دی گئی تو اپنی پارٹی سڑکوں پر نکل کر نیشنل کانفرنس کے خلاف احتجاج کرے گی۔‘‘