جموں: جموں و کشمیر کے وزیر اعلیٰ اور نیشنل کانفرنس کے نائب صدر عمر عبداللہ نے کانگریس کے سینئر لیڈروں، ملکارجن کھرگے اور راہل گاندھی، کی جانب سے وزیر اعظم نریندر مودی کو لکھے گئے خط کا خیرمقدم کرتے ہوئے ریاستی درجے کی بحالی کو فطری، آئینی اور حق قرار دیا۔عمر عبداللہ نے جموں میں نامہ نگاروں کے ساتھ غیر رسمی گفتگو کے دوران کہا کہ وہ لمبے عرصے سے اپوزیشن جماعتوں سے اس مسئلے پر اپنی آواز بلند کرنے کا انتظار کر رہے تھے۔ انہوں نے زور دیا کہ جموں و کشمیر کو اپنا ’’چھینا ہوا حق‘‘ واپس ملنا چاہیے اور یہ کہ ’’ریاستی حیثیت کی بحالی کا وقت‘‘ آ گیا ہے، جیسا کہ مرکزی سرکار ’’مناسب وقت پر ریاستی حیثیت کی بحالی‘‘ کا وعدہ کئی بار کر چکے ہیں۔