اننت ناگ (جموں کشمیر) : سخت حفاظتی انتظامات کے بیچ امرناتھ یاترا کا پہلا دستہ گزشتہ روز ننون پہلگام پہنچ گیا۔ امرناتھ یاتریوں کے پہلے دستے کو گزشتہ کل جموں کے بھگوتی نگر بیس کیمپ سے ایل جی منوج سنہا کی جانب سے جھنڈی دکھا کر روانہ کیا گیا، جو براستہ سرینگر جموں شاہراہ بحفاظت جنوبی کشمیر کے قاضی گنڈ پہنچ گیا جہاں پر انہیں بالترتیب پہلگام اور بالتال کے راستوں پر دو گروپس میں روانہ کیا گیا، جس کے کچھ دیر بعد یاتریوں کا پہلا دستہ نن ون پہلگام پہنچ گیا، جہاں ان کا والہانہ استقبال کیا گیا۔یاتریوں میں کافی جوش دیکھنے کو مل رہا ہے اور پہلگام میں ضلع انتظامیہ، دیگر تجارتی سیاسی و سماجی تنظیموں کی جانب سے یاتریوں کا والہانہ استقبال کیا گیا۔ استقبالیہ میں یاتریوں کو پھولوں کی مالائیں پہنائی گئی اور شال پوشی بھی کی گئی، اس موقع پر یاتری کافی مطمئن اور خوش نظر آرہے تھے۔یاتریوں کی آمد پر مشہور سیاحتی مقام پہلگام ’’بم بم بھولے‘‘ کے نعروں سے گونج اٹھا۔ واضح رہے کہ امرناتھ یاترا کے لیے پہلگام روٹ سے نون وَن بیس کیمپ یاتریوں کے لیے آخری پڑاؤ ہے جہاں سے انہیں آج صبح سویرے پوتر امرناتھ گپھا کی جانب روانہ کیا گیا۔ جہاں روایتی پوجا کے ساتھ ہی امرناتھ شروع ہوگئی اور پہلے دستے کو گپھا میں پوتر شیو لنگم کے درشن کرائے جائیں گے۔