سلطان ٹاؤن کی گلیاں گندے پانی سے بھر گئیں، انتظامیہ اور عوامی نمائندے غائب

  • 2 years ago
سرگودہا (آکاش کھوکھر — میڈیارپورٹر) سلطان ٹاؤن کی گلیوں میں سیوریج کی ابتر صورت حال، گٹر اور نالیوں کے گندے پانی سے گلیاں جوہڑ کا تالاب بن گئیں۔

شہر کے اہم علاقے سلطان ٹاؤن ضلعی انتظامیہ اور علاقہ کی نمائندگی کرنے والے سیاسی کارکنان کی بے حسی کی بدنما تصویر بن گیا۔ خراب سیوریج کی وجہ سے گٹر کا پانی نالیوں سے باہر نکل آیا۔ جس کی وجہ سے سلطان ٹاؤن کی گلیاں گندگی سے لتڑ گئیں ہیں۔ پاک ایشیا ویب چینل کے میڈیا رپورٹر آکاش کھوکھر کی رپورٹ کے مطابق شہری گندے پانی کی بدبو سے ذہنی طور پر بیمار ہونے کے ساتھ ساتھ گندے پانی پر مچھروں کی افزائش کی وجہ سے ڈینگی جیسی جان لیوا بیماری کے خطرات میں گھِرے ہوئے ہیں۔

علاقہ مکینوں نے پاک ایشیا ویب چینل کے نمائندہ کو بتایا کہ ہم نے بارہا علاقہ کی یونین کونسل،سیاسی و عوامی نمائندگان کے ساتھ ساتھ ضلعی انتظامیہ کو بھی درخواستیں لکھیں مگر کسی نے بھی سلطان ٹاؤن آنا گوارہ نہیں کیا۔ اہل علاقہ نے بتایا کہ انہوں نے سلطان ٹاؤن کے عوامی نمائندہ اقبال گوری کو بھی کہا کہ وہ مسئلہ کے حل کے لیے اپنا کردار ادا کریں مگر انہوں نے بھی کسی قسم کا کوئی تعاون نہیں کیا۔