ایس ایس پی راؤانوارکی راولپنڈی سے دبئی فرارکی کوشش ناکام

  • 6 years ago
کراچی میں نقیب اللہ محسود کے ماورائے عدالت قتل میں مبینہ طور پر ملوث معطل ایس ایس پی راﺅ انوار کو اسلام آباد کے ہوائی اڈے پر ایک بین الاقوامی پرواز سے آف لوڈ کر دیا گیا ہے۔ قبائلی نوجوان نقیب اللہ محسود قتل کیس میں ملوث ایس پی راﺅ انوار منگل کی صبح اسلام آباد سے دبئی جانے والی پروازمیں سوار ہونے میں کامیاب ہو گئے تاہم شناخت ہونے پر انھیں فوری طور پر جہاز سے اتار دیا گیا۔
ایئرپورٹ ذرائع کے مطابق راﺅ انوارکو گرفتارنہیں کیا گیا لیکن سفرسے روکا گیا ہے جس کے بعد وہ واپس اسلام آباد چلے گئے- نقیب اللہ کی ماورائے عدالت ہلاکت میں ملوث پولیس افسر راﺅ انوار گزشتہ روز تک اپنا موبائل فون نمبر بند کرکے روپوش ہوگئے تھے اور کسی سے بھی رابطہ نہیں کررہے تھے۔راﺅ انوار کو کراچی میں نوجوان نقیب اللہ محسود کی مبینہ پولیس مقابلے میں ہلاکت کے بعد اس حوالے سے بنائی گئی تحقیقاتی کمیٹی کی سفارش پر آئی جی سندھ نے ان کے عہدے سے ہٹاتے ہوئے ان کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کی بھی تجویز دی تھی۔
دوسری جانب راﺅ انوار نے ملک سے فرار ہونے کی خبروں کو بے بنیاد قراردیا ہے۔نجی ٹی وی سے بات کرتے ہوئے راﺅ انوار نے بتایا کہ میڈیا پر دبئی فرار سے متعلق غلط خبریں چلائی جارہی ہیں اور میں بالکل ٹھیک ہوں۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ روز بھی ان کے گھر پر پولیس کے چھاپے کی خبر چلائی گئی تھی تو غلط ہے اور آج میرے دبئی فرار ہونے کی کوشش کو ناکام بنانے کی غلط خبر چلائی جارہی ہے۔

Category

🗞
News