محمد حفیظ کا انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان

  • 2 years ago
خصوصی رپورٹ (محمد شمعون نذیر ) پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور سینیئر آل راؤنڈر محمد حفیظ نے 18 سال پر محیط کریئر کا اختتام کرتے ہوئے بین الاقوامی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا۔

لاہور میں پریس کانفرنس کے دوران انہوں نے کہا کہ مجھے اپنے فیصلے پر کسی قسم افسوس نہیں ہے اور مکمل مطمئن ہوں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہمیشہ پاکستان کے جھنڈے کو سربلند رکھنے کی کوشش کی اور کوشش کی کہ جتنا کھیلوں عزت سے کھیلوں۔ محمد حفیظ نے کہا کہ 18سال پہلے زندگی کا بہترین سفر شروع کیا تاہم لیگ کرکٹ جاری رکھوں گا اور جب تک فٹ رہا لیگ کرکٹ کھیلتا رہوں گا۔

آل راؤنڈر محمد حفیظ نے اپنے والدین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ زندگی کے ہر شعبے میں والدین کی بھرپور حمایت حاصل رہی اور بین الاقوامی کرکٹ کھیلنے کے دوران فینز نے ہمیشہ عزت افزائی کی۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پاکستان کے لیے کھیلنا ہمیشہ باعث فخر رہا ہے، اس دوران کوئی لالچ مطمع نظر نہیں رہا، اسی طرح ورلڈ کپ کھیلنا کوئی لالچ کا حصہ نہیں تھا۔

انہوں نے کہا کہ یہ تاثر دینا درست نہیں کہ میں آئندہ ورلڈ کپ کے لیے مس فٹ ہوں۔

محمد حفیظ نے ٹی20 ورلڈ کپ میں بھارت کے خلاف میچ میں فتح کو سب سے یادگار لمحہ قرار دیا اور کہا کہ مجھے خوشی ہے کہ اس ٹیم کا حصہ رہا جس نے بھارت کو شکست دی اور آئندہ کے لیے اس تاثر کو زائل کردیا کہ پاکستان اپنے حریف بھارت کو شکست نہیں دے سکتا۔

پروفیسر کے لقب سے مشہور ہونے والے پاکستان کے نامور آل رائنڈر محمد حفیظ نے 55 ٹیسٹ 218 ون ڈے اور 119 ٹی 20 میں پاکستان کی نمائندگی کی۔

17 اکتو بر 1980 کو سرگودھا میں آنکھ کھولنے والے محمد حفیظ 3 اپریل 2003 کو شارجہ میں زمبابوے کے خلاف اپنا پہلا بین الااقومی ون ڈے کھیلا، اسی سال اگست میں انھوں نے نینشنل اسٹیڈیم کر اچی میں اپنا ٹیسٹ ڈیبیو کیا۔

محمد حفیظ نے تینوں فارمیٹس میں قومی ٹیم کی قیادت کے فرائض انجام دیے، آل راونڈر نے ایک ٹیسٹ 2 ون ڈے اور 29 ٹی 20 انٹرنیشنلز میں قومی ٹیم کی قیادت کے فرائض انجام دیے۔

2014 میں بنگلا دیش میں آئی سی سی ورلڈ ٹی 20 میں گروپ مرحلے سے باہر ہو نے کے بعد بطور کپتان محمد حفیظ نے تمام ذمہ داری قبول کی اور پاکستان پہنچ کر قیادت سے علیحدہ ہو نے کا اعلان کر دیا۔

2007 میں جنو بی افریقا میں شعیب ملک کی قیادت میں پہلا آئی سی سی ورلڈ ٹی 20 کھیلنے والے محمد حفیظ 2009 کے علاوہ پاکستان کے لیے تمام آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ کھیلے۔

پاکستان کرکٹ کے بہترین کھلاڑیوں میں شمار کیے جا نے والے محمد حفیظ نے اب 18 سال بین الااقوامی کرکٹ کھیلنے کے بعد بین الاقوامی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا باقاعدہ فیصلہ کر لیا ہے، البتہ آل راونڈر دنیا بھر میں لیگ کرکٹ کھیلتے ضرور دکھائی دیں گے۔

محمد حفیظ نے پاکستان کے لیے 392 بین الااقومی میچو ں میں 12789 رنز 21 سنچریوں 64 نصف سنچریوں کی مدد سے بنائے، ایک مستند فیلڈر مانے جانے والے محمد حفیظ نے 160 کیچ لینے کے ساتھ بطور آف بریک بولر 253 وکٹیں بھی حاصل کیں۔